اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، غزہ کے باشندوں کی مشکلات مسلسل جاری ہیں اور حالیہ شدید بارشوں نے ان کے مصائب میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔ بارش کے باعث خیموں اور پناہ گزین کیمپوں کی خستہ حالی سامنے آگئی ہے، جہاں دسیوں ہزار بے گھر افراد سردی اور بارش میں زندگی کی بنیادی ضروریات کے بغیر رہنے پر مجبور ہیں۔
سیاسی تجزیہ کار امین الحاج نے خبر رساں ایجنسی شہاب سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ غزہ کے حالات اب انسانی بحران سے آگے بڑھ کر ایک نہ ختم ہونے والے المیے میں تبدیل ہوچکے ہیں۔ اس کی بنیادی وجوہات محاصرہ، امدادی سامان کی آمد میں رکاوٹیں اور بنیادی ڈھانچے کی تباہی ہیں۔
الحاج نے سوال اٹھایا کہ کیا غزہ کے باشندوں کو اپنی سرزمین پر ڈٹے رہنے اور اسے چھوڑنے سے انکار کرنے کی سزا دی جا رہی ہے؟ کیا انہیں مسلسل عذاب میں مبتلا رکھنے اور زندگی کی بنیادی سہولیات سے محروم کرنے کا مقصد یہ ہے کہ وہ مجبور ہوکر غزہ چھوڑ دیں؟
انہوں نے کہا کہ غاصب صیہونی حکام غزہ کے محاصرے اور تباہی کے براہ راست ذمہ دار ہیں، لیکن اس سے غزہ کے انتظام کی ذمہ دار کمیٹی کی ذمہ داری ختم نہیں ہوجاتی۔ اسے بھی جواب دینا ہوگا کہ اس انسانی المیے سے نمٹنے کے لیے اقدامات میں تاخیر کیوں ہوئی۔ غزہ کو نمائشی کمیٹیوں، رسمی کارروائیوں یا نئے بیانات کی ضرورت نہیں، بلکہ ایسی مؤثر اور ذمہ دار انتظامیہ درکار ہے جو امدادی سرگرمیوں کو منظم کرسکے۔
صیہونی امور کے محقق اور تجزیہ کار محمد مصلح نے بھی اس حوالے سے کہا کہ انتہا پسند دائیں بازو کی غاصب حکومت کا مقصد غزہ کو رہنے کے قابل نہ چھوڑنا، اس کے باشندوں کو ہجرت پر مجبور کرنا یا فلسطینی مزاحمت کو اس صورتحال کا ذمہ دار ٹھہرانا ہے۔
مصلح نے مزید کہا کہ غزہ اس وقت ایسے بحران سے گزر رہا ہے جس کا مقصد وہاں کے باشندوں کے عزم و استقامت کو توڑنا ہے۔
انہوں نے غزہ میں بیس لاکھ سے زائد افراد کی ابتر صورتحال کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ ایک مکمل جرم ہے جسے نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔
مصلح نے نام نہاد امن کونسل اور اس کی قیادت کی کارکردگی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ غزہ کے انتظام، خیموں کی فراہمی اور شہریوں کے حالات زندگی بہتر بنانے کی ذمہ داری اسی کونسل پر عائد ہوتی ہے، لیکن یہ کونسل غزہ کے فلسطینیوں کے لیے ایک اضافی بوجھ بن چکی ہے۔
آپ کا تبصرہ